ْقومی ترقی کے سفر میں تمام سیاسی قوتوں کو مثبت وتعمیری کردار ادا کرنا ہوگا‘سینیٹر ناصربٹ

جمعرات 28 اگست 2025 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے سفر میں تمام سیاسی قوتوں کو مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت ملکی ترقی کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور یہ سفر عوامی خوشحالی کے لیے جاری رہے گا۔ وہ چمبہ ہائوس میں کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومتی اتحاد نے وقت کے ساتھ مل کر سیکھا اور پاکستان کی ترقی کے لیے یکجہتی کے ساتھ کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی سیاسی قیدی نہیں صرف وہ افراد زیر تفتیش ہیں جو قانون شکن واقعات میں ملوث پائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پائونڈ کا معاملہ برطانیہ میں ملک ریاض اور نیشنل کرائم ایجنسی سے متعلق تھا جسے اس وقت کی حکومت نے سپریم کورٹ کے اکائونٹ میں منتقل کیا،اس سلسلے میں حکومتی اتحاد نے شفافیت اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کمیٹی اجلاس میں چمبا ہا ئوس کی اراضی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ یہ طے کیا گیا کہ مقیم افراد کو اپنی ملکیت کے ثبوت دینا ہوں گیبصورت دیگر جگہ خالی کرنا ہوگی اور اس حوالے سے کسی دبائو کو قبول نہیں کیا جائے گا۔اجلاس سے قبل کمیٹی ارکان نے چمبا ہائوس، وفاقی کالونی اور فیڈرل لاجز فلیٹس کا دورہ کیا۔ پنجاب پولیس نے کمیٹی کو وفاقی کالونی میں حال ہی میں واگزار کرائے گئے 12 رہائشی یونٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔