Live Updates

پنجاب میں شدید بارشوں اور بھارت کے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے

حکومت اور پوری (ن) لیگ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، کبھی اتنا پانی راوی میں نہیں دیکھا، ہمیں سیلابی پانی کو محفوظ کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کا معائنہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اگست 2025 19:07

پنجاب میں شدید بارشوں اور بھارت کے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دریائے راوی پرشاہدرہ کے مقام کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ریسکیو عملے کے ہمراہ کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ اور انتظامات کا جائزہ لیا اور راوی میں شاہدرہ کے مقام پر بڑا سیلابی ریلا گزر نے پر صورت حال کا مشاہدہ کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شاہدرہ راوی پل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے انفراسٹرکچر اور ڈیمز کو مستقبل میں بہتر بنائیں گے۔ پانی سٹور کرنے کے لیے سٹرکچر بنائیں گے، سیلاب سے نمٹنے کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے۔

(جاری ہے)

دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہ کو بھی کلیئر کیا جائیگا۔

متاثرین کی مدد پولیس اور ریسکیو کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ افواج پاکستان نے مدد کی ہے لوگوں کو ریسکیو کیا ہے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ریسکیو اور ریلیف ورک میں عوام تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی ایک پارٹی کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر مُلکی مفاد میں اب کچھ فیصلے کر لینے چاہئیں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا سوال ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں شدید ترین بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے ۔ یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے ۔ بھارت نے اپنے ڈیم بھر جانے کی وجہ سے پانی چھوڑا تھا۔ تمام ادارے مکمل الرٹ تھے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتظامیہ ، ریسکیو اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے بہترین دن رات کام کیا ہے ۔

کمشنرز، ڈپٹی کمشنر نے دن رات کام کیا ۔ اگر تیاری نا ہوتی تو نقصان بہت زیادہ ہوتا ۔ 38 سال بعد ایسا سیلاب آیا ہے ۔ ہمارے لیے ہر جان قیمتی ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بروقت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔ یہ سیلاب کوئی معمولی سیلاب نہیں ہے ۔ لوگوں کے مال مویشیوں کو منتقل کیا ۔ اللہ نے بڑے نقصان سے بچایا ہے ۔ جو بھی نقصان ہوا ہے، مجھے اس پر افسوس ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنے بچوں کی حفاظت کریں۔ جو بھی نقصان ہوا ہے اسے پنجاب حکومت پورا کرئے گی ۔ ہم متاثرین تک پہنچیں گے ۔ مشکل ترین حالات میں سب نے بہت اچھا کام کیا۔ بروقت ندیوں نالوں کی صفائی کی گئی ۔ پنجاب میں تین مہینے سے بارشیں جاری ہیں ۔ لیکن پیشگی انتظامات کے باعث ہی کم نقصان ہوا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب اور پوری مسلم لیگ (ن) سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

کبھی اتنا پانی راوی میں نہیں دیکھا ۔ ہمیں اپنے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنا ہو گا ۔ پانی اللہ کی نعمت ہے، جو پانی پیچھے سے آئے ہمیں اسے محفوظ کرنا چاہیے ۔ یہ آسان کام نہیں ہے ۔ پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے اور دیگر ٹیموں کو بٹھایا ہے اور اگلے سالوں کے لئے پلان طلب کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر عوام سے تعاون کی بھی اپیل کی ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات