Live Updates

بھارت کی بدنیتی ہو سکتی ہے لیکن جتنا پانی آیا اسے روکنا کسی کے بس میں نہیں، خواجہ آصف

وہ شخص کہتا تھا کہ راوی نالہ بن جائے گا آج راوی پانی پانی ہو گیا،وزیردفاع کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 28 اگست 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بھارت کی بدنیتی ضرور ہو سکتی ہے لیکن جتنا پانی آیا ہے اسے روکنا کسی کے بس میں نہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ دو تین دہائیوں سے انسان قدرتی نظام میں مداخلت کر رہا ہے جس کی ہم قیمت ادا کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آبی گزرگاہوں میں تعمیرات ہوں گی تو پانی بھپرے گا، کسی بھی ملک میں آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ہوں تو حکومت کی ناکامی ہوتی ہے، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی آبی گزرگاہوں میں تعمیرات پر آواز اٹھ رہی ہے، نقشے بن چکے ہیں کوشش کر رہے ہیں کہ تجاوزات ختم ہوں۔

وزیردفاع نے کہاکہ قدرتی نظام میں مداخلت کا نتیجہ کوئی ایک ملک نہیں سارے ممالک کو برداشت کرنا ہو گا، سب کو سوچنا چاہیے کہ کب ایسا ہو گا کہ عوام کی دولت پوری ان پر خرچ ہو گی، وزیر اعظم اور پنجاب حکومت کا اولین ایجنڈا سرکاری پیسہ 100فیصد ملکی ترقی پر خرچ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ وہ شخص کہتا تھا کہ راوی نالہ بن جائے گا آج راوی پانی پانی ہو گیا، رہائشی کالونیوں کے لیے بڑی زمین پڑی ہے، آبی گزرگاہوں میں ہاوسنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پانی ابھی آ رہا ہے، قادر آباد اور خانکی میں انہتائی اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی ہے، پی ٹی آئی کی قیادت کہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی ذاتی ایجنڈے کے سوا کچھ نہیں دیکھتے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت سے جنگ ہوئی مگر بانی پی ٹی آئی کا کوئی بیان نہیں آیا، ان کے تمام ارکانِ اسمبلی اپنی قیادت سے شاکی ہیں، بانی پی ٹی آئی صرف اپنے اقتدار کے گیم میں لگے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے جلا وطنی یا قید میں اپنی پارٹی کو بات چیت سے کبھی منع نہیں کیا، پی ٹی آئی کی سیاست ذاتی مقاصد کے تابع ہو چکی ہے، دنیا میں فراڈی اس لیے زندہ ہیں کہ ان کو وہ لوگ دستیاب ہیں جو ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات