پاکستان نے بھارتی طیارے مارگرائے اور امریکا کیساتھ سفارتی میدان بھی مارلیا،معروف ماہر عالمی امور

نریندر مودی امریکا کا دورہ کرنے میں ناکام رہے ، ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مدعو کیا، ایلدار ممدوف

جمعہ 29 اگست 2025 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)معروف فارن پالیسی ایکسپرٹ ایلدار میمدوف نے پاک، امریکا تعلقات کے حوالے سے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے مار گرائے اور سفارتی میدان میں برتری حاصل کرتے ہوئے امریکا میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی اور صدر ٹرمپ کی قربت حاصل کر لی ہے۔ایلدار میمدوف کے مطابق مئی میں پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، مگر پاکستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مار گرائے اور ایک محدود مدت کی کشیدگی کے دوران جنگ کو وسعت دینے سے گریز کیا۔

ان کے مطابق چار روزہ یہ کشیدگی صدر ٹرمپ کی مداخلت سے ختم ہوئی۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے ٹرمپ کی ثالثی کو سراہتے ہوئے نہ صرف تعریف کی بلکہ انہیں نوبل انعام کیلئے نامزد بھی کیا، جبکہ بھارت نے اس کردار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

ممدوف نے لکھا کہ اس دوران پاکستان کو واشنگٹن میں نئے سفارتی حامی ملے اور امریکی کانگریس میں صدر ٹرمپ نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی کٴْھل کر تعریف کی۔

میمدوف نے دعویٰ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امریکا کا دورہ کرنے میں بھی ناکام رہے، جبکہ ٹرمپ نے پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا۔ماہر عالمی امور نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے متوازن اور مستقل مزاج رویے نے ٹرمپ کو متاثر کیا اور دونوں رہنماؤں کے تعلقات ’’برو مینس‘‘ کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔آرٹیکل میں انکشاف کیا گیا کہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ بڑے معاشی معاہدے کیے،جبکہ بھارت پر اضافی ٹیرف لگا دیے گئے، جس کے نتیجے میں نئی دہلی بیجنگ اور ماسکو کی طرف جھکاؤ پر مجبور ہو گیا اور مودی 7 سال بعد پہلی بار چین کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔

ایلدار میمدوف نے کہا کہ امریکا کے جھکاؤ کے باوجود سوال باقی ہے کہ کیا واشنگٹن کی پالیسی واقعی بدل گئی یا یہ محض وقتی اشارے ہیں یا نیشنل انٹرسٹ ہے۔