ًوزیراعظم شہباز شریف کا چین کے شہر تیانجن کا دورہ، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے

د*شہباز شریف 31 اگست سے یکم ستمبر تک تیانجن میں قیام کریں گے، دفتر خارجہ

ہفتہ 30 اگست 2025 18:50

ز*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف 31 اگست سے یکم ستمبر تک چین کے شہر تیانجن کا دورہ کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم یہ دورہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں چین، بھارت، ایران، روس، بیلاروس، تاجکستان، ازبکستان، کرغیزستان اور قازقستان سمیت 10 رکن ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔ترجمان کے مطابق ایس سی او پلس اجلاس میں منگولیا، ترکیہ، مصر، نیپال، آذربائیجان، کمبوڈیا، مالدیپ سمیت 14 ممالک کے رہنما بھی شریک ہوں گے، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دیگر عالمی تنظیموں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اجلاس میں علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور خطے میں تعاون، استحکام اور ترقی کے لیے تجاویز دیں گے۔ اجلاس کے دوران اہم فیصلے اور اعلانات متوقع ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم اس موقع پر پاکستان کے علاقائی سلامتی اور پائیدار ترقی کے عزم کو اجاگر کریں گے۔