سید علی گیلانی ایک آفاقی نظریہ کے امین تھے ،سنگینوں کے سائے تلے تمام مصائب کا سامنا کیا ،محمد فاروق حیدر خان

پیر 1 ستمبر 2025 20:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی ایک آفاقی نظریہ کے امین تھے انہوں نے سنگینوں کے سائے تلے تمام مصائب کا سامنا کیا مگر اس نظریہ میں کبھی لغزش نہیں آئی ان کی وجہ شہرت اور مقبولیت پاکستان کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وا بستگی تھی جس بنا پر وہ سیز فائر لائن کے دونوں اطراف کشمیریوں میں یکساں مقبول رہنما تھے آپریشن بنیان مرصوص نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں زندہ کیا کشمیریوں نے فلسطینیوںسے زیادہ قربانیاں دیں ہمیں ایک منظم حکمت عملی کے ساتھ موجودہ مواقعوں سے فائدہ اٹھانا ہوگا تاکہ دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصل چہرہ پیش کیا جاسکے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس،بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائیٹی نے کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم کے حوالے سے بہت کچھ لکھا ہے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا تک پہنچائیں ان خیالات کااظہار انہوں نے دارلحکومت میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کیا ،راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کشمیریوں کو اپنا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا ،ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے اندر اس وقت نام نہاد سیٹ اپ قائم کررکھا ہے ،وزیراعلیٰ کٹھ پتلی اس کے پاس پولیس انتظامیہ سمیت کسی چیز کا اختیار نہیں صر ف شو پیس رکھا ہے ،شیخ عبد اللہ کو قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ عبداللہ کانگریس کا اعتبار نہ کرنا ،میں نے بال دھوپ میں سفید نہیں کیے ،آج مودی اسی سامراج کی شکل ہے ،جس نے کبھی بھی مسلمانوں پر اعتبار نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

کشمیر میں چلنے والی تحریک دراصل مسلمانوں کی تحریک تھی غیر مسلم اس میں شروع سے ہی نا ہونے کے برابر رہے ہیں ،پاکستان میں پوری ریاست کے انضمام تک ہمیں اس پار کے کشمیریوں کا مقدمہ لڑنا ہے اور ان کی آواز اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو آشکار کرنا ہے ایک سوال کے جواب میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ علی گیلانی سے بطور وزیراعظم دو دفعہ بات ہوئی وہ تحریک کے حوالے سے بہت فکر مند تھے اور انہوں نے ہمیشہ ہمیں اپنا کردار ادا کرنے کو کہا آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی سپیکر کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں بہت اچھی تجاویز سامنے آئی ہیں اور ہم ان شاء اللہ ملکر اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرینگے ۔