Live Updates

سرینگر جموں ہائی وے کی بندش ، پھلوں کے کاشتکاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا

منگل 2 ستمبر 2025 16:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے پرگزشتہ ایک ہفتے سے ٹریفک معطل ہے ۔ ہائی وے کی بندش کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کے پھلوں سے لدے ایک ہزار سے زائد ٹرک شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں جس سے کشمیری کاشتکاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اودھمپور میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہے ۔شاہراہ پر پھنسے ہر ٹرک میں لاکھوں روپے مالیت کے پھل موجود ہیں ۔ سرینگرجموں ہائی وے جو وادی کشمیر کو باقی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ ہے، بند ہونے کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی پھلوں کی صنعت کو تقریبا 200کروڑ روپے کے نقصانات کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے متبادل راستے کھولنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی معیشت کو فروغ دینے کیلئے سرینگر-مظفر آباد شاہراہ اور کنٹرول لائن کے پار دیگر روایتی تجارتی راستوں کو کھولنے کامطالبہ کیا ۔حریت کانفرنس نے خطے میں امن و ترقی کے فروغ کیلئے ہمیشہ اعتماد سازی کے اقدامات کی حمایت کی ہے ۔بیان میں کہاگیاہے کہ سرینگر-مظفر آبادشاہراہ کھولنے سے وادی کشمیرسے پھل اوردیگر مصنوعات مظفرآباد اور پاکستان کو برآمد کی جاسکیں گی جس سے کشمیری معیشت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

حریت کانفرنس کایہ مطالبہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے کنٹرول لائن کے آر پار رابطوں اور مشاورت میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق دیرینہ موقف کے عین مطابق ہے ۔ادھر جموں میں دریائے توی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بلند ہونے پر قابض حکام نے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث رام بن فلائی اوور پر دراڑیں پڑ گئی ہیں جس سے فلائی اوور کے گرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔

مختلف علاقوں میں پتھراور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک کی روانی میں خلل پڑاہے۔ضلع راجوری میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 5بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔یہ حادثہ فوجیوں کی گاڑی پھسلنے کے باعث پیش آیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات