Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان ذاتی رائے قرار دے دیا

کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر پارٹی پالیسی واضح ہے سندھ اور خیبر پختونخوا کے تحفظات ہیں، سلمان اکرم راجہ کی گفتگو

بدھ 3 ستمبر 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان ذاتی رائے قرار دے دیا۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ علی امین گنڈاپور کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان ذاتی رائے ہو سکتی ہے لیکن یہ پارٹی پالیسی نہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر پارٹی پالیسی واضح ہے سندھ اور خیبر پختونخوا کے تحفظات ہیں، ایسا منصوبہ جس پر دو صوبوں کے تحفظات ہوں یہ وفاق کیلئے اچھا نہیں ہے، جب تک تمام فریقین متفق نہ ہوں اور سیاسی ہم آہنگی نہ ہو ایسا کوئی منصوبہ قابل عمل نہیں۔انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کی بات ہماری پارٹی کی ہرگز پالیسی نہیں ہے، صدارتی نظام سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کا بیان میری نظر سے نہیں گزرا ایسا ہوا تو میں علی امین گنڈاپور سے پوچھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پارلیمانی نظام کے بجائے صدراتی نظام رائج ہو ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمارے خلاف جو مقدمات چل رہے ہیں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں، عدالتی عظمیٰ اور عدالت عالیہ سے کیا امید ہے آپ کو کچھ نہ کچھ عدالت کو اپنے فیصلوں میں لکھنا ہوتا ہے، جہاں کچھ نہ ہو وہاں 10، 10 سال سزائیں دی جا رہی ہیں بڑی عدالتوں کو ریلیف دینا پڑتا ہے۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی میٹنگ بلائی تھی، میٹنگ میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام سب کو پہنچایا سب سے کہا سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کریں، میں خود سیالکوٹ گیا تھا جہاں تک ممکن ہو سکتا سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات