جنگ ستمبر1965 ء کا چوتھا روز‘ کشمیر کے تنازع کو طاقت کے ذریعے ہمیشہ کے لیے حل کرینگے‘بھارت کا دعوی

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء)جنگ ستمبر1965 ء کے چوتھے روز بھارت نے دعوی کیا کہ وہ کشمیر کے تنازع کو طاقت کے ذریعے ہمیشہ کے لیے حل کرے گا۔ اس دھمکی کے جواب میں چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔ چین کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی نے بھی واضح کیا کہ بھارتی افواج کی پاکستانی سرزمین میں جبری مداخلت کا دلیری سے جواب دیا گیا اور پاکستانی مسلح افواج نے انہیں لائن آف کنٹرول سے پیچھے دھکیل دیا۔

جی ایچ کیو کی ہدایات پر تمام فارمیشنز کو دفاعی اقدامات کا حکم جاری کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل افضل رحمان خان نے نیول شپس کو سمندری حدود میں دفاعی پوزیشن لینے کی ہدایت دی۔ بھارتی بحریہ کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لیے پاک بحریہ نے طویل فاصلے تک وار کرنے والی آبدوز اور پی این ایس غازی کو ہائی الرٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

پی این ایس غازی کو بھارتی بحری جہازوں، بشمول آئی این ایس میسور اور آئی این ایس دہلی، سے لاحق خطرے کا رخ موڑنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ادھر جوڑیاں سیکٹر میں 6 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی پلاٹون نے سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف کی قیادت میں تروٹی کے قریب بھارتی مورچوں پر حملہ کیا۔ معرکے کے دوران متعدد جوان شہید اور زخمی ہوئے، تاہم سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف نے غیرمعمولی قیادت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتھیوں کو نرغے سے نکالا اور زخمیوں و شہدا کے جسد خاکی کو محفوظ واپس لائے۔ انہوں نے تیسری بار حملہ کر کے بھارتی آرٹلری گن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ ان کی بہادری پر انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔علاوہ ازیں پاکستان ایئر فورس نے بھی بھارتی فضائیہ کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔