بھارت ، 47فیصد وزراء کیخلاف قتل ، اغوا اور خواتین کے خلاف مقدمات درج،ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف

جمعہ 5 ستمبر 2025 13:20

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بھارت کے تقریبا 47فیصد وزرا کے خلاف قتل ، اغوا اور خواتین کے خلاف جرائم جیسے سنگین جرائم سمیت مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ انکشاف سیاسی اور انتخابی اصلاحات کیلئے کام کرنے والی تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی تازہ ترین رپورٹ میں کیاگیا ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے وقت پر جاری کی گئی ہے، جب مودی حکومت نے لوک سبھا میں 3نئے بل پیش کیے ہیں جن میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ یا وزراء کو سنگین مجرمانہ مقدمات میں 30دنوں تک جیل میں گزارنے پر عہدے سے ہٹانے کی تجویز ہے۔

ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز نے بھارت کی 27ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام 3علاقوں اور یونین کونسل آف منسٹرز کے مجموعی طور پر 643وزرا کے حلف ناموں کا جائزہ لیا ،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے 302وزراکے خلاف مجرمانہ مقدمات درج ہیں جبکہ 174 وزرا قتل اور اغوا جیسے سنگین جرائم کے مقدمات ملزم نامزد ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت کی حکمران ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے سب سے زیادہ336وزرا پر مجرمانہ اور 26فیصد پر انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں ۔

حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کے 61، دی ایم کے 31،ترنمول کانگریس کے 40وزرا،تیلگو دیشم پارٹی کے 23اورعام آدمی پارٹی کے 16وزراکے کلاف مجرمانہ مقدمات درج ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق یونین کونسل آف منسٹرز کے 72میں سے 29وزراکے خلاف مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔اے ڈی آر کی رپورٹ میں بھارتی وزرا ء کی جائیدادوں کا بھی تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزرا کے مجموعی اثاثے 2کھرب 39ارب29کروڑ روپے ہے جبکہ ملک کی 11اسمبلیوں میں ارب پتی وزرا بھی موجود ہیں۔