روسی صدر سے متعلق سوال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صحافی پر برہم، نئی نوکری تلاش کرنے کا مشورہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاس کے اوول آفس میں روسی صدر سے متعلق سوال پر ایک صحافی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے نئی نوکری تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

پولش ریڈیو کے رپورٹر مارک والکوسکی نے امریکی صدر سے یہ سوال کیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اقدامات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہے۔

جس پر امریکی صدر نے جواب میں کہا کہ امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس لگایا۔ اس کے علاوہ روسی تیل کی مسلسل خریداری کی وجہ سے مزید 25 فیصد کا ٹیکس لگایا جس سے اگست کے آخر سے کل ٹیکس 50 فیصد ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک ان پابندیوں کا دوسرا یا تیسرا مرحلہ شروع نہیں کیا ہے۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ کوئی کارروائی نہیں ہے تو میرا خیال ہے کہ آپ کو ایک نئی نوکری تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔