Live Updates

ڈیم نہ بنائے گئے تو آئندہ بھی بھارت کی آبی جارحیت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ڈیموں کی تعمیر پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، دانیال چوہدری

ملک میں ڈیموں کی تعمیر پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، ملکی مفاد کے معاملات میں سب کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا چاہئے،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات و رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ اگر ڈیم نہ بنائے گئے تو آئندہ بھی بھارت کی آبی جارحیت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ملک میں ڈیموں کی تعمیر پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، ملکی مفاد کے معاملات میں سب کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر کئی سالوں سے سیاست کی جا رہی ہے، اعتراض کرنے والوں سے اگر سوال کیا جائے کہ اس کی گہرائی اور چوڑائی کتنی ہے یا اس سے کیا نقصان ہو گا ان کے پاس کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ہوتا، بدقسمتی سے آبی وسائل کو محفوظ کرنے والے معاملات پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کیلئے فیصلے کرنے چاہئیں، نہروں کا نظام بھی کسی کا پانی روکنے کیلئے نہیں تھا اور ڈیم بنانے کا مقصد بھی کسی کا پانی روکنا نہیں ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ جو پانی ضائع ہوتا ہے اس کو مناسب طریقہ سے بروئے کار لایا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی سب سے خطرناک ہتھیار ہے، کسی بھی ملک پر دھماکوں سے اتنا نقصان نہیں ہوتا جتنا بے وقت پانی چھوڑنے سے ہوتا ہے، ہندوستان اس پر سیاست کر رہا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے 300 سے زائد سمال ڈیمز بنا لئے ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے پاکستان میں سیلابی ریلا چھوڑا ہے جس پر افسوس کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی پانی کو محفوظ بنانے کیلئے ڈیم بنا کر اس کا انتظام کرنا چاہئے، آبی جنگ میں اگر ہم نے مکمل انتظام نہ کیا تو ہمیں نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات