Live Updates

م*موجودہ پاکستان جناح کا نہیں یحییٰ خان کا پاکستان کا ہے، مولانا محمد خان شیرانی

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

۱کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ موجودہ پاکستان جناح کا نہیں یحییٰ خان کا پاکستان کا ہے، یہ 1947 میں بنایا گیا پاکستان نہیں بلکہ 1971 میں بچا ہوا پاکستان ہے، موجودہ پاکستان کی بنیاد میں مسلم قومیت نہیں بلکہ وطنی قومیت ہے اور یہ پاکستان رہنے کیلئے نہیں بلکہ ٹوٹنے کیلئے ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ دارلہدی ہارونجی ٹاؤن میں منعقدہ جے یو آئی بلوچستان کے سالانہ صوبائی تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا تربیتی اجتماع سے صوبائی امیر مولانا عبدالمالک جے یو آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالوحید مروت بلوچستان کے رابطہ کمیٹی کے ارکان حاجی عبدالرزاق لانگو ڈاکٹر اسماعیل بلیدی پروفیسر حسین احمد مدنی مولانا عبدالغنی ساسولی مفتی مطیع الرحمن مولانا محمد اقبال عثمانی جے ٹی آئی کے مرکزی صدر محمد نواز آزاد صوبائی صدر حافظ محمد ہمایوں ضلع پشین کے امیر مولانا رفیع اللہ ضلع شیرانی کے امیر مولانا شمس الرحمن حریفال مولانا عبدالبصیر ہارونجی مولانا حفیظ اللہ نوید اور دیگر مقررین نے خطاب کیا تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ جب قومی داخلی سلامتی پالیسی کو پارلیمان کے سامنے پیش کیا گیا تھا تو ہم نے اس وقت بھی عرض کیا تھا اس پالیسی کے مطابق ملک کا دشمن باہر نہیں بلکہ ملک کے سرحدات کے اندر ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اب فوج اور قوم کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کیا جارہا ہے میں کسی کے اوپر الزام لگائے بغیر سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وجہ ہے کہ مختلف مسلح اداروں کے اہلکاروں اور ان کے چیک پوسٹوں کو دیکھ کر عوام کے دل میں امن اور تحفظ کے احساس کے بجائے خوف اور دہشت طاری ہوجاتا ہے، ہماری ریاست فلاحی ریاست نہیں بلکہ سیکورٹی اسٹیٹ ہے اس ریاست سے پبلک کی خدمت، حفاظت اور سہولت کیلئے فکرمندی کی توقع رکھنی ہی نہیں چاہیے کہ ہر مسئلے کا حل ممکن ہے بشرطیکہ خدا کے علاوہ دوسری طاقتوں کا خوف اور لالچ دل سے نکال دیا جائے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو توڑنا نہیں چاہتے کیونکہ یہ ہماری خواہش نہیں ہے، اگر اس کے مالکان اس کو توڑنا چاہتے ہیں تو ہم اس کو بچا بھی نہیں سکتے کیونکہ یہ ہماری استطاعت نہیں ہے، اگر کوئی اس کو توڑنا چاہتا ہے تو بے شک بسم اللہ کرے، ہم نے کلمہ پاکستان کے نام کا نہیں پڑھا ہے، ہماری درخواست صرف اتنی سی ہے کہ ہمارا خون نہ بہایا جائے، آبادیاں نہ اجاڑی جائے اور عزتیں نہ لوٹی جائیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مزدوروں کا بین الاقوامی چوک ہے جہاں جرنیل، جج، مفتی اور سیاستدان کرائے پر دستیاب ہیں یہ ملک نہ جمہوری ہے نہ ہی اسلامی ہے، اسلام کے نام پر بنے ہوئے ملک میں قوانین کی اسلامائزیشن کیلئے بظاہر تو اسلامی نظریاتی کونسل جیسا ادارہ تشکیل دیا گیا ہے لیکن اس ادارے کی مرتب کردہ سفارشات پہلے تو پارلیمان میں پیش نہیں کئے جاتے، پیش کئے جائیں تو ان پر بحث نہیں کی جاتی اور بحث کی جائے تو منظوری نہیں دے جاتی انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوریت کی بنیاد میں خدا پرستی نہیں بلکہ ہوا پرستی ہے جہاں جہاں اس جمہوریت کے نتائج خدا پرستی کے حق میں نکل آئیں ان نتائج پر پانی پھیر دیا جاتا ہے اس لیے میں کہتا ہوں کہ نہ ووٹ لو نہ ووٹ دو اگر کوئی ووٹ اور جمہوریت کی افادیت کے بارے میں دلیل کے ساتھ مذاکرہ کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد دائمی اور مستقل ہے ہماری دعائیں اور ہمدردی پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھیں اور اب بھی ہیں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد مستقل لیکن باہمی تعاون مشروط ہے جہاں جہاں پی ٹی آئی کو ضرورت پڑے اور وہ ہمارے ساتھیوں سے تعاون کا تقاضا کرے تو ہماری مقامی جماعتوں کو باہمی مشاورت کے بعد مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کی اجازت ہے -
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات