شبیر احمد شاہ کی درخواست ضماعت مسترد کیے جانے کی مذمت،پاکستانی عوام ، حکومت کو ”یوم دفاع پاکستان “ پر مبارکباد

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے شبیر احمد شاہ کو بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی“(این آئی اے) کی طرف سے دائر ایک مقدمے میں انکی صحت کی خرابی کے باوجود عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی عدلیہ کی جانبداری پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کی فراہمی کی بجائے سیاسی بنیادوں پر فیصلے کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیراحمد شاہ کو جھوٹے الزامات کے تحت دائر مقدمات میں شدید انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ ترجمان نے شبیر شاہ کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ان سمیت تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں”یوم دفاع پاکستان“ کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے 1965کی جنگ کے ان ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان نہ صرف خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے بلکہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔

6ستمبر کومنائے جانے والے”یوم دفاع پاکستان“ کے حوالے سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز بھی چسپاں کئے گئے ہیں۔پوسٹر وں میں درج تحریر میں جموںوکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی اور الحاق پاکستان کے کشمیریوں کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیاگیاہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں مقبوضہ جموںوکشمیر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو ”عید میلادالنبیؐ “ کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آنحضورؐ سے ہماری عقیدت و محبت محض الفاظ کی حد تک نہیں ہونی چاہے بلکہ ہمیں آپؐ کی عظیم تعلیمات پر پوری طرح سے عمل پیرا ہونا چاہیے۔

انہوں نے عید میلادالنبیؐ کی تعطیل کی تاریخ میں ردوبدل کرنے پر قابض بھارتی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جرائم پیشہ عناصر نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری سیاستدان اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر عبدالرشید سمیت کئی کشمیری قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایاہے۔ انجینئر عبدالرشید کی جماعت” عوامی اتحاد پارٹی“ کے ترجمان ایڈوکیٹ حبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں نے انجینئر عبدالرشید اور دیگر پر بہیمانہ تشدد کیا اورانہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔

انہوں نے کہاکہ جیل حکام کشمیری نظربندوں کو ہراساں کرنے کے لیے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔معروف دانشور، تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما اور کشمیر میڈیا سروس کے بانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کو آج ان کی چوتھی برسی پرجدوجہد آزادی کشمیر کے لیے ان کی گرانقدر اور بے مثال خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شیخ تجمل الاسلام 2021میں آج ہی کے دن مختصر علالت کے بعد اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے۔