Live Updates

قومی یکجہتی و عسکری قیادت کا مضبوط رشتہ پاکستان کا اصل ہتھیار ہے،سردار ایاز صادق

ستمبر 1965ء میں افواج پاکستان نے کئی گنا بڑی فوج کو شکست دیکر ثابت کیا پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب پوری قوم اور مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے اپنی جرات اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج کو شکست دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے اور پاک افواج کی موجودگی میں کوئی دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں ان شہدائ اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر مادر وطن کا دفاع کیا اور آنے والی نسلوں کی آزادی اور خودمختاری کو یقینی بنایا، پوری قوم ان جانبازوں کو سلام پیش کرتی ہے، ان کی لازوال قربانیوں کو ملکی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے صرف میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ قدرتی آفات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی بے مثال قربانیاں دی ہیں، سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کے دوران ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں پاک افواج کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے لازوال قربانیاں دے کر ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں ہونے والا "معرکہ حق" قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے جس نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پاک افواج کی جرات، قربانی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں دنیا بھر میں بے مثال ہیں، اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کی عسکری قوت اور جنگی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا بلکہ دشمن کے مذموم عزائم کو بھی بے نقاب کیا، پاکستانی عوام نے معرکہ حق میں جس قومی یکجہتی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اور افواجِ پاکستان ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی یکجہتی اور عسکری قیادت کا مضبوط رشتہ ہی پاکستان کا اصل ہتھیار ہے، ہماری افواج کل کی طرح آج بھی ناقابلِ شکست ہیں اور یہی جذبہ پاکستان کے استحکام اور دفاع کی ضمانت ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے افواجِ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت افواجِ پاکستان کے حوصلے اور عزم کا باعث ہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی افواج پاکستان کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور دفاع شہداء کی قربانیوں، ایمان اور قومی عزم سے جڑا ہوا ہے، یہی جذبہ ہماری آزادی اور خودمختاری کا ضامن ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہداء ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لئے دعا کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات