Live Updates

نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے،رانا مشہود احمدخاں

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت انہیں کاروباری مواقع اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور ایکسپو سینٹر میں ینگ انٹرپرینیور فیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں، اسی لیے حکومت اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق "ڈیجیٹل یوتھ ہب"نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ایک انقلابی کاوش ہے، جو انہیں علم، مہارت اور روزگار کے ایسے مواقع فراہم کرے گا جو پہلے اس سطح پر دستیاب نہ تھے۔

یہ پلیٹ فارم شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بھی یکساں سہولتیں فراہم کرے گا۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے آن لائن کورسز اور سرٹیفیکیشن پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں اپنی پہچان بنا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹارٹ اپس کی رہنمائی، مالی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فری لانسنگ اور ای کامرس کی طرف تیزی سے بڑھنا ہوگا اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں زیادہ سے زیادہ آگے آنا ہوگا۔ رانا مشہود احمدنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان حکومتی پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی زندگیاں سنواریں اور اپنے مستقبل کو ملک کے مستقبل سے وابستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام سے پاکستان میں ترقی کا آغاز ہو چکا ہے،اس ترقی کو اب کوئی نہیں روک سکتا،نوجوان بچے اور بچیاں نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں اپنا لوہا منواتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا اور وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ہم نے اسے دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اگلے دو سال کے بعد ہم آئی ایف ایم کے پروگرام سے باہر ہوں گے،انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر کچھ مشکلات ہیں اگلے دو سال میں وہ دور ہو جائیں گی، پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ہمارے نوجوان اچھا کام کر رہے ہیں اور پاکستان کا ہر آنیوالا دن بہتری کا دن ہے ان کے ساتھ مل کر ہم مزید ترقی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک اور پروجیکٹ پروفیکٹ پچ کے نام سے ہے جو انوویشن ایوارڈز ہیں جو بچے اور بچیاں نئی انوویشن لیکر آتے ہیں ان پر ہمارے انکیوبیشن سنٹر اور اس کے بعد ہمارا پروفیکٹ پچ کے نام سے ہم پاکستان کی تاریخ کا بڑا میڈ ان پاکستان پروگرام لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت ینگ انٹرپرینیورز کے ساتھ کھڑی ہے چاہے سیلاب ہو چاہے کوئی اور آفت آئے اس کا مقابلہ تو ہم کر رہے ہیں لیکن ہم اپنے گول سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں، آپ کی کامیابی میں پاکستان کی کامیابی ہے اور آپ کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات