گورنر سندھ کی زیرِ صدارت یومِ دفاع کی پروقار تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ

یومِ دفاع ہمیں شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،کامران ٹیسوری

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہدائے وطن کے اہلِ خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ تقریب میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، ترکیہ، افغانستان، ملائیشیا، قطر سمیت دیگر ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی، جب کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، بزنس کمیونٹی اور علمائے کرام بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز نیوی، ائر فورس اور پولیس بینڈ کے مارچ پاس سے ہوا، جس نے حاضرین کو یومِ دفاع کی روح سے روشناس کرایا۔ گورنر سندھ نے پرچم کشائی کی ، خصوصاً بارہ ربیع الاول کے بابرکت دن کی مناسبت سے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے وطن کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور ہم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ افواجِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔تقریب کے دوران گورنر سندھ نے سفارتکاروں کے ہمراہ شہداء کی فیملیز کو گولڈ میڈلز، شیلڈز اور گلدستے پیش کیے۔ ان میں شہید کیپٹن عاقب جاوید، شہید میجر عدیل شاہد، شہید لیفٹیننٹ شہیر ، شہید میجر ایاز کورائی، شہید سپاہی مہتاب علی پلیجو، شہید کیپٹن عمر فاروق اور شہید کرنل کاشف شامل تھے۔گورنر سندھ نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے کام کریں گے۔