چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان اس تاریخی واقعے کی یاد دلاتا ہے ،محترمہ سمعیہ ساجد

یہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی ایک زندہ مثال ہے

اتوار 7 ستمبر 2025 13:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) محترمہ سمیعہ ساجد نے کہا ہے کہ 6ستمبر پاکستان کی تاریخ کااہم دن ہے۔چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان اس تاریخی واقعے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے عوام اور بہادر افواج نے متحد ہو کر دشمنوں کو دھول چٹائی تھے۔

یہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی ایک زندہ مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 6ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پرشہیدمیجر رب نواز گیلانی کی قربانی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالہ سے شہید کی والدہ کو شیلڈ دیتے ہوئے کیا ، اس موقع پر شہید کے ماموں سید حسن گیلانی بھی موجودتھے۔سمعیہ ساجد نے کہ رب نواز شہید کی شہادت سے جہاں ا ن کے والدین کے حوصلہ بلند ہوئے ویسے ہی ہمارے بھی بلند ہوئے ، ہماری افواج پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا ، 1965ہو یا 2025ہندوستان اپنی شکست کو نہیں بھول پائے گا، میجر عزیز بھٹی اور ایم ایم عالم اور ایئرمارشل اصغر خان یا یا پھر2025معرکہ حق کے ہیروزجیسے بہادر سپوتوں نے جرات اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔

(جاری ہے)

1965میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک مزاحمت سے زچ ہو کر بھارت نے بین الاقوامی سرحد پرحملہ کیا مگر بھارت کامقابلہ ایسی قوم سے ہوا جو جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے ہمہ وقت سرشار رہتی ہے۔ میجر عزیز بھٹی اور ایم ایم عالم اور ایئرمارشل اصغر خان جیسے بہادر سپوتوں نے جرات اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔ 6ستمبر ان غازیوں،شہداء اور بہادر پاکستانی عوام کے جذبوں اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا اور بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں لاہور پرحملہ کیا تھا مگر پاکستان کی مسلح افواج اور شہیدوں نے تعاون کا بے مثال مظاہرہ کر کے ہندستان کے منصو بے کوخاک میں ملا دیا تھا۔

پاک فوج کے جوان جسموں پر بم باندھ کر بھارتی ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے تھے۔پاک فوج اور عوام کے اس جذبے نے ہندوستانی منصوبوں کو ناکام بنایا اور ثابت ہوگیا تھا کہ پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن آج بھی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے باے میں اپنے ناپاک عزائم کا اظہار کرتا ہے مگر عوام افواج پاکستان کے ساتھ مل کر کسی بھی جارح کے لئے اس خطے کو قبرستان بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم اور فوج یک جان اور دو قلب ہین اور رہیں گے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ مطالبہ کرتی ہوں کہ ہمارے نوجوان شہید میجر رب نواز شہید ، میجر سعید بن زبیر شہید جیسے بہادر نوجوانوں کے نام سے تعلیمی ادارے منسوب کیا جائے ، تاکہ ہمارے نوجوانوں کی شہادت کے حوالہ سے طلباء کو آگاہی ہوسکے ۔