بھارت میں پاکستان سے دہشتگرد داخل ہونے اور ممبئی کو دھماکوں سے اڑانے کی جھوٹی افواہ

دھمکی ایک ذاتی جھگڑے کا نتیجہ تھی، بہار کے رہائشی اشون کمار سپرا اپنے دوست فیروز کو پھنسانا چاہتا تھا،تحقیقاتی رپورٹ

اتوار 7 ستمبر 2025 14:15

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)بھارت میں پاکستان سے دہشت گرد داخل ہونے اور ممبئی میں 34 گاڑیوں میں دھماکوں کی جھوٹی افواہ پھیلا دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کو ممبئی پولیس کو واٹس ایپ پر دھمکی موصول ہوئی۔

(جاری ہے)

موصول دھمکی میں کہا گیا کہ لشکر جہادی نامی فرضی تنظیم کے 14 دہشت گرد ممبئی شہر میں داخل ہو چکے ہیں، دہشت گرد 34 گاڑیوں میں 400 کلو آر ڈی ایکس ڈال کر بڑا دھماکہ کرنے جا رہے ہیں، دھماکوں کے نتیجے میں ایک کروڑ لوگوں کی جان جا سکتی ہے۔

تحقیقات سے معلوم ہوا یہ دھمکی ایک ذاتی جھگڑے کا نتیجہ تھی، بہار کے رہائشی اشون کمار سپرا اپنے دوست فیروز کو پھنسانا چاہتا تھا۔ فیروز نے اشون پر 2023 میں مقدمہ درج کرایا تھا جس پر اسے 3 ماہ جیل میں گزارنا پڑے۔بعد ازاں بھارتی پولیس نے اشون کمار کو ممبئی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔بتایا جا رہا ہے کہ مرکزی ملزم بہار کا رہائشی ہے، پولیس نے دھمکی دینے میں استعمال ہونے والا ملزم کا فون اور سم کارڈ ضبط کر لیا ہے۔