کوئٹہ، بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر بلوچستان میں پہیہ جام، شٹر ڈائون ہڑتال

پیر 8 ستمبر 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسہ کے بعد خود کش دھماکے کے خلاف 7جماعتی اتحاد کی اپیل پر پیر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال رہی کوئٹہ میں زبردستی دکانیں بند کرانے اور ٹریفک روکنے والوں پر پولیس کی شیلنگ اور 100سے زائد قائدین اور کارکنوں کوحراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ جلسے کے اختتام پر خود کش دھماکے میں 15سے زائد کارکنوں کی شہادت اور درجنوںکے زخمی ہونے کے خلاف بی این پی( مینگل )،پشتونخواملی عوامی پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی ،جماعت اسلامی ، پاکستان تحریک انصاف ،مجلس وحدت المسلمین نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاون اورپہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی جس پر پیر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑٹال رہی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے قومی شاہراہوں پر دھرنے دیکرشاہراہیں ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیں جبکہ کوئٹہ سمیت مستونگ، قلات،خضدا، تربت، گوادر ،پنجگور، سبی ، ڈیرہ مراد جمالی ، مچھ ، نصیرآباد جعفرآباد، کچلاک ،پشین ، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ ،چمن ،ژوب، لورالائی اوردیگر علاقوں میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی پولیس نے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں زبردستی دکانیں بند کرنے اور ٹریفک روکنے والوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور100سے زائد قائدین اور کارکنوں کوحراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میںسیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے پتھراؤ کرکے متعدد رکشوں اورگاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ۔ہڑتال کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی پولیس اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے خلاف کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہیں ہڑتال کے باعث کوئٹہ میں سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔