وفاقی سیکرٹری سید ظفر علی شاہ سے قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

منگل 9 ستمبر 2025 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سوران بائیف کی قیادت میں وفد کی وزارت سمندری امور کے وفاقی سیکرٹری سید ظفر علی شاہ سے اہم ملاقات میں بندرگاہوں اور علاقائی رابطوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا۔ وفاقی سیکرٹری نے قازق وفد کا خیر مقدم کیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق منگل کو ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری اور وفد نے پاکستانی بندرگاہوں اور کثیر الجہتی ٹرانسپورٹ کوریڈورز پر تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جو وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے سڑک، ریل اور سمندری راستوں کے ذریعے ملاتا ہے۔

ظفر عثشاہ نے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، خلیجی ممالک اور اس سے آگے تک رسائی کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان کی بندرگاہوں کی سٹریٹجک پوزیشن کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قازقستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت کنٹینر ہینڈلنگ، لاجسٹکس، آف ڈاک ٹرمینلز، فری ٹریڈ زونز اور دیگر بندرگاہوں کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، یہ مدنظر رکھتے ہوئے کہ پاکستان کے ٹیرف علاقائی طور پر مسابقتی ہیں۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کے عہدیداروں نے وسطی ایشیائی کارگو کو ہینڈل کرنے کے لیے اضافی صلاحیت پر روشنی ڈالی جبکہ اس بات پر زور دیا کہ گوادر میں ایک مختص کثیر المقاصد ٹرمینل طویل مدتی تجارتی ترقی کے لیے اہم ہے۔ وفد کو کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر میں کاروباری مواقع اور مراعات کے بارے میں پریزنٹیشنز دی گئیں۔

کے پی ٹی کے قائم مقام چیئرمین، ریئر ایڈمرل عتیق الرحمان نے قازق فریق کو بندرگاہ کی سہولیات اور 140 ایکڑ شہری اراضی پر محیط ایک منصوبہ بند میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ پی کیو اے کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) سید معظم الیاس نے توانائی کے مرکز کے طور پر پاکستان کے کردار پر زور دیا اور وسطی ایشیائی تجارت کے لیے ریل نیٹ ورک سے منسلک آف ڈاک ٹرمینلز میں تعاون کی تجویز پیش کی۔

ایڈیشنل سیکرٹری عمر ظفر شیخ نے گوادر کی صلاحیت کا خاکہ پیش کیا جس میں ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس پر مکمل چھوٹ، اس کے آف ڈاک ٹرمینلز اور کوسٹل ہائی وے کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کے لیے اس کا مختصر ترین زمینی سمندری راستہ شامل ہے۔ قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ سوران بائیف نے بحری تعاون کو وسعت دینے اور پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔