طورخم بارڈر سے مزید 2 ہزار491 افغانی وطن واپس بھجوا دیئے گئے ہیں ،محکمہ داخلہ کے پی کے

بدھ 10 ستمبر 2025 17:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پاکستان بھر سے غیر ملکیوں باالخصوص افغان شہریوں کی واپسی و بیدخلی کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے مختلف سرحدی مقامات، بالخصوص طورخم بارڈر کے ذریعے گزشتہ روز طورخم بارڈر سے مزید 2 ہزار 491 افغانی وطن واپس بھجوا دیئے گئے، جن میں 746 غیر قانونی مقیم افراد شامل تھے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبرپختونخوا کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا کی سرحدوں کے ذریعے 7 لاکھ 43 ہزار سے زائد افغان شہری وطن واپس جاچکے ہیں، ان میں سے 6 لاکھ 5 ہزار 992 غیر قانونی مقیم افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ 89 ہزار 467 پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈرز مہاجرین اور 48 ہزار 254 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو بھی افغانستان بھیجا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی افغان شہریوں کی سب سے زیادہ واپسی طورخم بارڈر کے ذریعے ہوئی ہے، جبکہ دیگر صوبوں بشمول اسلام آباد، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی 30 ہزار 694 افغان باشندے واپس بھیجے گئے ہیں، اور یہ سلسلہ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ افغان شہریوں کا قانونی اور محفوظ انخلا یقینی بنایا جا سکے۔