ایشیا کپ : پاک بھارت میچ پر پابندی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر

درخواست پر سماعت 12 ستمبرکو چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں بینچ کے سامنے ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 ستمبر 2025 10:37

ایشیا کپ : پاک بھارت میچ پر پابندی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 ستمبر 2025ء ) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ پر پابندی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں 14 ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ میچ پر پابندی لگانے اور اسے غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

 
یہ درخواست پونے کے سماجی کارکن کیتن تیرودکر کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ جنگ کے پیش نظر بھارت اور پاکستان کے درمیان میچز نہیں کھیلے جانے چاہئییں۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ میچ آئین کے آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی ہے، جو بھارتی شہریوں کے لیے زندگی اور ذاتی آزادی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

 
بھارتی میڈیا کے مطابق اس درخواست پر سماعت 12 ستمبرکو چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں بینچ کے سامنے ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کے ایشیاکپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پربھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے وضاحت سامنے آئی تھی۔ 
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے پاکستان کے ساتھ کھیلنےکی پالیسی کے حوالے سےکہا تھا کہ ہم مرکزی حکومت کو فالو کرتے ہیں، بھارت کی حالیہ پالیسی کے مطابق انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر پابندی نہیں۔

 
سیکرٹری بی سی سی آئی دیوجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ جہاں تک بی سی سی آئی کے مؤقف کا تعلق ہے، ہمیں وہی فالو کرنا پڑتا ہے جو مرکزی حکومت طے کرتی ہے، بھارت کی حالیہ نئی پالیسی کسی بھی کثیرالملکی یا بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق نہیں روکتی۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے اپنے بورڈ اور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ 
ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرح ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں سابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت گروپ اے میں شامل ہیں اور دونوں کے درمیان گروپ میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔