Live Updates

ایشیاء کپ 2025ء: سلمان علی آغا گردن کی تکلیف کے باعث پریکٹس سیشن سے باہر

ٹی ٹونٹی کپتان ٹیم کے ہمراہ اکیڈمی تو پہنچے لیکن گردن پر بینڈیج باندھے نظر آئے، حرکت کے دوران ان کے چہرے سے درد کے آثار صاف جھلک رہے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 ستمبر 2025 10:51

ایشیاء کپ 2025ء: سلمان علی آغا گردن کی تکلیف کے باعث پریکٹس سیشن سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 ستمبر 2025ء ) ایشیاء کپ 2025ء کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کرکٹ ٹیم نے دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی میں بدھ کی شام بھرپور ٹریننگ کی تاہم کپتان سلمان علی آغا گردن کے کھچاؤ (اسپاسم) کے باعث مکمل طور پر پریکٹس میں حصہ نہیں لے سکے۔ 
سلمان علی آغا ٹیم کے ہمراہ اکیڈمی تو پہنچے لیکن گردن پر بینڈیج باندھے نظر آئے۔

حرکت کے دوران ان کے چہرے سے درد کے آثار صاف جھلک رہے تھے۔ 
کھلاڑیوں نے وارم اپ کے دوران اسٹریچنگ اور فٹبال کے ذریعے اپنی تیاری جاری رکھی مگر کپتان نے احتیاط برتی اور مشقت سے گریز کیا۔ 
پی سی بی کے میڈیا منیجر کے مطابق سلمان علی آغا کو گردن میں صرف ہلکا اسپاسم ہے اور فٹنس کے حوالے سے کوئی بڑا خدشہ نہیں۔

(جاری ہے)

 

انہوں نے وضاحت کی کہ کپتان نے ٹریننگ سیشن احتیاطاً نہیں کیا لیکن جلد ہی وہ ٹیم کے ساتھ بھرپور انداز میں ٹریننگ کریں گے۔

 
ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ سلمان علی آغا آئندہ میچز کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔ 
یاد رہے کہ مینز ایشیا کپ کا 15 واں ایڈیشن ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے جس میں آٹھ ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، اومان، یو اے ای اور ہانگ کانگ کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
ہندوستان کو گروپ اے میں عمان، پاکستان اور میزبان یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

وہ دبئی میں 14 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان سے کریں گے اور 19 ستمبر کو ابوظہبی میں اومان کے خلاف گروپ مرحلے کا آغاز کریں گے۔ 
گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی اور اس راؤنڈ کی ٹاپ دو ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل میں حصہ لیں گی۔
1984ء میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔

 
بھارت سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے والا ملک ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ 8 بار اپنے نام کیا ہے۔ بھارت نے ایشیا کپ 1984ء، 1988ء، 91-1990ء، 1995ء، 2010ء، 2016ء، 2018ء اور 2023ء میں جیتا۔ 
سری لنکا ایشیا کپ 6 بار اپنے نام کرچکا ہے۔ اس نے یہ ٹورنامنٹ 1986ء، 1997ء، 2004ء، 2008ء، 2014ء، 2022ء اپنے نام کیا۔ 
پاکستان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اب تک 2 بار جیت چکا ہے۔ گرین شرٹس نے پہلی بار ایشیا کپ 2000ء میں اپنے نام کیا جس کے بعد 2012ء میں دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات