سجاول اور سانگھڑ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات: جامعہ مہران کی جانب سے تربیتی کورس کا انعقاد

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:39

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سجاول اور سانگھڑ کے باشندوں پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے مہران یونیورسٹی کے اعلیٰ تحقیقی واٹر سینٹر میں کسانوں، زمینداروں اور مقامی لوگوں کے لیے ایک تربیتی کورس منعقد کیا گیا، جس میں دونوں اضلاع کے کاشتکاروں، آبادگاروں اور رہائشیوں نے شرکت کی۔ تربیتی کورس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنس نے کہا کہ میری اہلیہ ڈائنا ہاکنس کا چچا بھی ایک چھوٹا زمیندار ہے۔

ہم آسٹریلیا میں بھیڑ اور بکریاں پالتے ہیں۔ آسٹریلیا بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔ کبھی پانی کم ہو جاتا ہے تو کبھی بہت زیادہ ہو جاتا ہے، بارشوں کا نظام بھی غیر متوقع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے سہولتیں ضرور پیدا ہوئی ہیں، مگر اصل تجربہ کسانوں اور زمینداروں کے پاس ہے، جو یونیورسٹی کے پروفیسروں سے بھی زیادہ اہم ہے۔

(جاری ہے)

آپ کی دی گئی معلومات ہی زراعت کے مسائل حل کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ اجلاس میں کسانوں اور زمینداروں نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ گرمی کی شدت سے فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے، بارشیں غیر معمولی طور پر آتی ہیں جس سے بھی فصلیں خراب ہوتی ہیں،اس وقت دھان کی کاشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجبوری میں قرض لینا پڑتا ہے اور بعض اوقات ہجرت بھی کرنا پڑتی ہے۔

ہائی کمشنر نے مال مویشی پالنے کے کاروبار کے بارے میں پوچھا تو نازو ناریجو نے بتایا کہ ہم بکریاں، بھیڑیں اور گائیں پالتے ہیں، لیکن ان پر بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں زیادہ تر سرسوں، گندم، گنا اور دھان کی فصلیں کاشت کی جاتی ہیں، اور تقریباً ہر گھر میں آٹھ سے دس پالتو جانور ضرور ہوتے ہیں۔

اس موقع پر مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد ایسی تحقیق کرنا ہے جس سے مقامی لوگوں کے مسائل حل ہوں اور ان کی زندگی آسان بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت کے تعاون سے مہران یونیورسٹی سندھ میں زراعت اور زرعی پانی پر مزید کام کر سکتی ہے۔ ورکشاپ میں کسانوں، زمینداروں اور مقامی لوگوں نے سجاول اور سانگھڑ میں زرعی پانی اور پینے کے پانی کے مسائل پر بھی بات کی۔ تقریب میں مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، واٹر سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر کامران انصاری اور دیگر نے شرکت کی۔