محکمہ زرعی انجینئرنگ میں کرپشن کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قرار واقعی سزادی جائے ،عبدالکریم

غریب کسانوں کیلئے سرکاری مشینری اور ڈیزل کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے،پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے صدرکی پریس کانفرنس

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے صدرعبدالکریم ،جنرل سیکرٹری ثناء الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ زرعی انجینئرنگ میں کرپشن کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قرار واقعی سزادی جائے اور غریب کسانوں کیلئے سرکاری مشینری اور ڈیزل کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کوواحد بخش اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ نئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ زرعی انجینئرنگ نے پیسوں کے ذریعے عہدہ خریدا ہے اور اب اپنے عہدے کو کرپشن کیلئے استعمال کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 3کروڑ روپے سے زائدرقم جون 2025ء میں ڈی جی زرعی انجینئرنگ نے مشینری کی مرمت کیلئے آنے والی رقم فیلڈ افسران سے انڈنٹ سے لیکربندر بانٹ کی گئی اور کوئی بھی مشینری مرت نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد ڈیزل کے بجٹ کے نام پر فنانس ڈیپارٹمنٹ سے 23کروڑ روپے نکالے جاتے ہیں ان 23کروڑ روپے میںسے ڈائریکٹر جنرل زبردستی 20سے 25فیصد حصہ بھتہ کے طور پر تمام ایگریکلچر انجینئرز سے وصول کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زرعی انجینئرنگ کی کرپشن کی وجہ سے ضلعوں میں غریب کسانوں کے کھیتوں پربلڈوزر نہیں چلتے صرف امیر کسان بلڈوزر کا ریونیو اور ڈیزل جمع کروا کے فائدہ اٹھاتے ہیں یوں محکمہ کو ذاتی جائیداد سمجھ کر کسانوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لورالائی کے ذرعی انجنیئر نے ڈائریکٹر جنرل کے کہنے پر تین کبوتاٹریکٹر اور 2بلاروس ٹریکٹر ز اسکریپ کرکے بیچ دیئے انکا کوئی ریکارڈ سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایاگیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زرعی انجینئرنگ بلوچستان ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کوفوڈ سیکورٹی فراہم کرتا ہے جبکہ محکمہ زرعی انجینئرنگ میں تقریبا ً تین ہزار خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزیر اوردیگراعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ محکمہ زرعی انجینئرنگ میں ہونے والی کرپشن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو عہدے سے برطرف کرکے کرپشن کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں ۔