اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کی قطر کے خلاف بلا جواز جارحیت پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے، پاکستان

جمعہ 12 ستمبر 2025 02:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ محض اسرائیلی حملوں کی مذمت تک محدود نہ رہے بلکہ قطر کے خلاف اسرائیل کی غیر قانونی اور بلا جواز جارحیت پر اسے جوابدہ ٹھہرائے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر 15 رکنی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن کوششوں میں مصروف ثالثوں کے کردار اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مرکزیت کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام میں دوبارہ اجاگر کیا جائے۔

یہ اجلاس پاکستان، الجزائر اور صومالیہ کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا، جو ستمبر کے مہینے کے لیے کونسل کے صدر جنوبی کوریا کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے برادر ملک قطر کے خلاف غیر قانونی اور بلا جواز جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔ اور اس حملہ کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر ایک اشتعال انگیز حملہ قرار دیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی حملوں نے ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا جس سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالیں جو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کھلم کھلا اور غیر قانونی حملہ کوئی واحد واقعہ نہیں بلکہ اسرائیل کی جانب سے جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے ایک وسیع اور مستقل سلسلے کا حصہ ہے جو علاقائی امن و استحکام کو کمزور کرتا ہے۔پاکستان نے قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے اس ناقابل تنسیخ حق کی بھرپور حمایت کی کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنی سرزمین پر موجود تمام افراد کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔