اہم انتظامی ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مستحکم اور انتظامی امور کو موثر بنانے کے لیے اعلیٰ عدلیہ میں اہم انتظامی تقرریاں

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) اہم انتظامی ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مستحکم اور انتظامی امور کو موثر بنانے کے لیے اعلیٰ عدلیہ میں اہم انتظامی تقرریاں کی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) نے سہیل محمد لغاری، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (BPS-22) کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر سپریم جوڈیشل کونسل کا سیکرٹری مقرر کیا ہے۔

اس اسائنمنٹ سے قبل سہیل لغاری رجسٹرار، ہائی کورٹ آف سندھ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں انہوں نے عدالتی انتظامیہ اور ادارہ جاتی اصلاحات میں نمایاں کردار ادا کیا۔اسی طرح چیف جسٹس آف پاکستان نے فخر زمان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (BPS-21) پشاور ہائی کورٹ کو بھی ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر ایڈیشنل رجسٹرار (ایڈمنسٹریشن) سپریم کورٹ کے عہدے پر تعینات کیا ہے۔

(جاری ہے)

فخر زمان اس سے قبل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، اسلام آباد میں سینئر ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنے ساتھ عدالتی انتظامیہ اور تربیت میں وسیع مہارت رکھتے ہیں۔سہیل لغاری اور فخر زمان بالترتیب SJC کے سیکرٹریٹ کے افعال اور سپریم کورٹ کے انتظامی امور کی نگرانی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔یہ تقرریاں ادارہ جاتی مضبوطی، عوام کے اعتماد کو بڑھانے اور اپنے آئینی مینڈیٹ کی موثر ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے عدلیہ کے عزم کی توثیق کرتی ہیں۔