حالیہ بارشوں میں جماعتِ اسلامی کی منافقت اور متحدہ کا جھوٹ بے نقاب ہوا،شہر کی صورتحال سب کے سامنے ہے،ترجمان سندھ حکومت

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور حافظ نعیم کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ بارشوں میں جماعتِ اسلامی کی منافقت اور متحدہ کا جھوٹ بے نقاب ہوا،شہر کی صورتحال سب کے سامنے ہے،اگر جماعتی بغیر مرے جنت میں جانا چاہتے ہیں تو متحدہ پورا شہر مار کر جنت میں جانا چاہتی ہے،مخالفین کو تکلیف صرف بھٹو کے نام سے ہے، اسی لیے وہ بھٹو نام سے بنی ہر چیز میں مسئلے تلاش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ اب جماعتِ اسلامی کے صبح11بجے کے پریس کانفرنس سلاٹ پر بھی قبضہ کرنا چاہتی ہے۔جو لوگ الطاف بریلوی اور عمر فاروق سڑکیں نہیں بنا سکتے، وہ بھی دوسروں کی ناکامی کا رونا رو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعدیہ جاوید نے کہاکہ جماعتِ اسلامی نے ترقیاتی منصوبوں میں بھی منافقت دکھائی۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان اور قائدِ اعظم کی مخالفت بھی کی تھی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ انہیں ہرچیز سے اپنا نام جوڑنے کی عادت ہے،حب کینال پر بھی عبدالستار افغانی کا حوالہ دیتے ہیں۔جب ان سے ٹائون کا حساب مانگا گیا تو یہ پورے ملک کا حساب مانگنے لگے ہیں۔کل بلدیہ عظمی میں ن لیگ کے وفد سے ملاقات کرنے والوں نے آج دوبارہ ان پر تنقید کی۔حافظ نعیم نے جھوٹ اور نفرت کو میئر بننے کی دوا سمجھ لیا ہے۔سعدیہ جاوید نے کہاکہ جن کو سندھ پیپلز ہائوسنگ کے گھر نظر نہیں آ رہے، انہیں سیاست نہیں بلکہ علاج کی ضرورت ہے۔

آمروں کو چھائوں میں پالنے والے آج جمہوریت کے داعی بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔پورے شہر سے مسترد شدہ لوگوں کو اب ہر چیز ناکام ہی دکھائی دے گی۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ متحدہ کی سوچ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شاہراہ بھٹو کے اس حصے پر بھی سیاست شروع کر دی گئی جو زیرِ تعمیر تھا۔ سعدیہ جاوید نے کہاکہ پہلی بار ٹیکس کا پیسہ شفاف طریقے سے بلدیہ عظمی کراچی خرچ کر رہا ہے، جس کی مفصل تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سارے منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے اور متحدہ پھر بھی شکوے کرے گی۔کریم آباد کا منصوبہ کراچی والوں کی مانگ تھا۔متحدہ کتنی بڑی جماعت ہے، اس کا اندازہ انہیں بھی ہوگا۔انہیں صرف چائنا کٹنگ، زکواة، قبضہ، بچوں کو بھرتی کرنا اور غیرقانونی تعمیرات پسند ہیں، اس کے سوا کچھ بھی منظور نہیں۔ ۔ان کے شاندار دور کا حساب آج تک نہیں ہوا۔