بلوچستان میں پیپلز پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، میر سمیع اللہ جمالی

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:24

گنداخہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی کونسل ممبر و تحصیل گنداخہ کے صدر میر سمیع اللہ جمالی نے گنداخہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بلوچستان میں ایک ماہ سے صوبائی صدر منتخب ہونے کے باوجود اب تک پارٹی کی کوئی میٹنگ نہیں بلائی گئی اور نہ ہی کارکنوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں سے مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی کے صوبہ بلوچستان میں جتنے بھی ایم پی ایز ہیں اور انکے بجٹ میں ہر ضلع کے ورکروں عہدیداروں کے لئے بجٹ مقرر کیا جائے تاکہ پارٹی عہدیدار اپنے علاقے میں خود کام کریں اور پارٹی کو مزید مضبوط کریںانہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے ضلعی سطح پر پارٹی عہدیداروں کے لیے سولر سسٹم کا اعلان کیا گیا تھا مگر ابھی تک اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو مکمل طور پر محروم رکھا گیا ہے اور دو سال گزرنے کے باوجود ان کے مسائل حل نہیں ہو رہے۔میر سمیع اللہ جمالی نے کہا کہ پارٹی کے بنیادی کارکن ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں لیکن انہیں نظرانداز کرکے پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے اور کارکنوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔