Live Updates

بھارت نے ہمیشہ کھیلوں پر سیاست کی‘ سردار سلیم حیدر خان

دنیا میں کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے،سپورٹس سے وابستہ افراد کی ہر سطح پر ہوصلہ افزائی ہونی چاہئے گورنر پنجاب کی پاکستان کی پہلی خواتین بیس بال کی کوچ اور پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام کی کرکٹ کوچ مناہل احمدسے گفتگو

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ کھیلوں پر سیاست کی ،دنیا میں کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے،سپورٹس سے وابستہ افراد کی ہر سطح پر ہوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کی پہلی خواتین بیس بال کی کوچ اور پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام کی کرکٹ کوچ مناہل احمدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے یہاںگورنر ہائوس لاہورمیں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے مناہل احمد کے لیے چائنہ میں ہونے والے بیس بال ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی پر نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مناہل احمد نے اپنی محنت اور صلاحیتوں سے ثابت کیا کہ خواتین کسی بھی شعبہ میں مردوں سے پیچھے نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان بچیاں پڑھائی لکھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں برداشت،رواداری، صبر اور نظم و ضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بیس بال کوچ مقرر کرنا قابل ستائش ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اکتوبر میں ہونے والے بیس بال ٹورنامنٹ میں مناہل احمد ملک کا نام روشن کریں گی۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دنیا میں کھیلوں کو سیاست کی نذر سے نہیںکرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ کھیلوں پر سیاست کی جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کو تشویش کا اظہار رہا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مناہل احمد کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور حوصلہ افزائی کیلئے کیش پرائس بھی دیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات