Live Updates

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ، صو بہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد اور بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی اور صو بہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد اور بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو ہونے والی ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے زمینی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ میں انسانی جانوں، روزگار، مال مویشی اور زرعی شعبے کو پہنچنے والے نقصانات کے حجم کے بارے میں آگاہ کیا۔

فوری اور موثر امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ طویل المدتی بحالی کی ضرورت پر بھی بات چیت کی گئی۔ قائم مقام صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ ان مشکل حالات میں زرعی شعبے کو سہارا دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعہ متاثرہ افراد کو مالی امداد کی فراہمی کو تیز کیا جائے تاکہ ریلیف ان تک پہنچ سکے جنہیں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں، روزگار، مال مویشیوں اور زرعی زمین کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری جائزہ لیا جانا ضروری ہے تاکہ بحالی اور تعمیر نو کا عمل فی الفور شروع ہو سکے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ وہ جلد ہی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے بریفنگ لیں گے اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ذاتی طور پر دورہ کریں گے تاکہ شہریوں کی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی جا سکے ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ حوصلہ افزاء بات ہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آفت کی شدت اور وسعت ایسی ہے کہ کوئی ایک حکومت تنہا ریلیف اور بحالی کے کام کو نہیں سنبھال سکتی۔ انہوں نے مخیر حضرات، صنعتکاروں، تاجروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے بے گھر اور متاثرہ بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکام، غیر سرکاری تنظیموں اور نجی شعبے کے درمیان مربوط کوششیں ناگزیر ہیں تاکہ بر وقت ریلیف، بحالی اور تعمیرِ نو یقینی بنائی جا سکے جس میں بنیادی سہولیات کی بحالی، پناہ گاہوں، خوراک، طبی امداد اور انفراسٹرکچر کی مرمت شامل ہے۔ بعد ازاں قائم مقام صدر سے پی پی پی امریکہ کے کوآرڈینیٹر مقصود علی کمبوہ، سینیٹر عبدالشکور خان (جمعیت علماء اسلام پاکستان)، ارکن قومی اسمبلی نوید عامر جیو اور ایم این اے قادر خان مندوخیل،سینیٹر فلک ناز نے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات