یاسین ملک کی پھانسی سے جنوبی ایشیا میں امن کی آخری امید بھی دم توڑ دے گی ،مشعال ملک

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے خبردار کیا ہے کہ یاسین ملک کی پھانسی سے جنوبی ایشیا میں قیام امن کی آخری امیدبھی دم توڑ دے گی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ ہتھیار چھوڑ کرمذاکرات کی راہ اختیار کرنے والے رہنما یاسین ملک کو دہشت گرد کہنا امن کے عمل کو دفنانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی مودی حکومت انتخابات سے قبل یاسین ملک کی پھانسی کی کارروائی تیز کر کے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یاسین کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے گیارہ برس سے والد کو نہیں دیکھاہے ۔وہ والد کی تصویر تکیے کے نیچے رکھ کر سوتی ہے۔

(جاری ہے)

مشعال ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی پھانسی رکوانے اور خطے کے امن کو بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔

یاسین ملک کی پھانسی سے خطے میں امن کی آخری امید بھی دم توڑ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہتھیار چھوڑ کر مذاکرات کی راہ اپنانے والے رہنماء کو دہشت گرد کہنا تاریخ کا بڑا دھوکہ ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مودی انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کی جان سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو سیاسی کھیل کا حصہ بنانے سے جنوبی ایشیا جنگ کے دہانے پرپہنچ جائے گا ،یہ صرف یاسین نہیں، یہ امن اور انسانیت کا سوال ہے۔