سیدال خان کا خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

ہفتہ 13 ستمبر 2025 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ، محترم سیدال خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، خصوصاً جنوبی وزیرستان، باجوڑ اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی مؤثر اور کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ ان آپریشنز کے دوران بارہ بہادر جوان وطن کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ کم از کم 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے شہداء کی عظیم قربانی کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان شہید جوانوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔اپنے بیان میں سیدال خان نے سکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر روایتی اہلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر افواجِ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم پر کاربند ہیں،یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہوں گی اور آنے والی نسلیں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیئرمین نے سخت الفاظ میں فتنہ انگیز عناصر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد عناصر کو جلد نست و نابود کر دیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد نہ کسی مذہب کے نمائندے ہیں اور نہ ہی انسانیت کے دائرے میں آتے ہیں؛ یہ صرف معصوم شہریوں اور امن کے دشمن ہیں۔ سیدال خان نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے اور سکیورٹی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے تاکہ ملک میں دیرپا امن و امان یقینی بنایا جا سکے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افواجِ پاکستان بین الاقوامی معیار کی بہترین اور پیشہ ور افواج میں شامل ہیں، جو ملک کی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ پوری قوم کو اپنے جوانوں کی دی جانے والی قربانیوں پر فخر ہے۔