دوحہ میں حماس رہنماو ں پر اسرائیلی حملے کے بعد قطری وزیراعظم کی ٹرمپ سے دوبدو ملاقات

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:52

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) قطری وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ امریکا پہنچے اور صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کی جس میں ممکنہ طور پر اسرائیل کے دوحہ پر حملے سمیت غزہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیر ملکی کبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاو س میں ایک عشائیہ پر ہونے والی اس اہم ترین ملاقات میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔

تاحال اس اہم ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور نہ ہی ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو سے متعلق کچھ بتایا گیا ہے۔تاہم اس ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو اسرائیل جانے کی ہدایت کی ہے جہاں وہ نیتن یاہو کو خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد قطری نائب مشن سربراہ حامہ المفتح نے ایکس پر بتایا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ شاندار ڈنر ابھی اختتام پذیر ہوا ہے۔

مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور قطری وزیراعظم کی ملاقات میں قطر کے خطے میں ثالثی کے کردار اور دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔یہ بات چیت خاص طور پر اس تناظر میں کی گئی کہ دوحہ میں حماس رہنماو ں پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے کی کشیدہ صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔