بارہمولہ میں بڑے پیمانے پربھارتی فوجیوں کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں

اتوار 14 ستمبر 2025 11:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اورپولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں گلمرگ اور کنڈی سلطان پورہ میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی کارروائیاں کنٹرول لائن کے قریب گھنے جنگلات سمیت 35سے زائد دیہات میں شروع کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدارنے صحافیوں کو بتایا کہ فوجی کارروائیاں بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوجی آپریشن گلمرگ سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب گھنے جنگلوں اورپہاڑی علاقوں میں جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ کنڈی-سلطان پورہ کے 35دیہات میں بھی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ محاصرے اورتلاشی کی جامع کارروائیاں ہیں جن میں زمینی فورسز، ڈرونز اور سراغ رساں کتے شامل ہیں۔ایک اور سرکاری عہدیدارنے بتایاکہ گھنے درختوں کو اسکین کرنے کے لیے جہاں دیکھنا مشکل ہو، ڈرونز اور نگرانی کے خصوصی آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔