کراچی کو تباہی سے بچانے کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، زاہد اعوان

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوا ن، وائس چیئرمین انجینئر راشد محموداعوان، چیف آرگنائزر مہتدا اعوان نے پارٹی رہنماو?ں لئیق احمد اور ایوب اعوان ایڈووکیٹ کے ہمراہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر فاروق ستار کو کراچی کی تباہ کن بلدیاتی، معاشی اور صنعتی صورتحال جیسے مسائل حل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم سے تحریک چلانے کی پیش کش کی۔

ایم کیو پاکستان کی قیادت کی توجہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی دم تورٹی شہری زندگی کی طرف مبذول کرواتے ہوئے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو چلانے والا شہر اب کسی طرف سے بھی اس قابل نہیں رہ گیا کہ اس شہر کے باشندوں کی زندگیوں کو تحفظ دے سکے۔

(جاری ہے)

کراچی کو پھر سے زندہ کرنے کے لئے عاشقان کراچی کو مشترکہ پلیٹ فارم سے آواز اٹھانی ہوگی کراچی کی بقا کے لئے آواز اٹھانے میں مزید تاخیر کراچی کو کھنڈرات کا قبرستان بنادے گی۔

ایم کیوایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان کی کراچی کے بارے میں سنجیدہ تشویش کو کراچی سے محبت کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کراچی شہر کی گود میں پروان چڑھنے والا ہر شہری، ہر صنعتکار، کھلاڑی، جج، وکیل اور کارو باری ہمارے ساتھ سڑکوں پر نکلے۔ ہم ایک گرینڈ الائنس بنا کر کراچی کو نوچنے والے گدھوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے وسائل لوٹ کر بیرون ملک محلات بنانے والوں کے بے رحمانہ احتساب کا مطالبہ کرتی ہے۔ ہم محمد زاہد اعوان کی جماعت کے مثبت اور کراچی کے مفادات کے محافظ اقدامات کے لئے دامے درمے سخنے ہر طرح ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔چیئرمین محمد زاہد اعوان نے ڈاکٹر فاروق ستار کی تعاون کی یقین دہانی کو کراچی سمیت سندھ بھر کے امن پسند شہریوں کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین دہائیوں سے کراچی کے وسائل پر قابض خاندانی نظام شہر قائد کوعالمی معیار کی ایک سڑک، ایک اسکول، ایک ہسپتال یو پولیس کا نظام تک نہیں دے سکا۔

تحریک عوام پاکستان کراچی حیدرآباد، سکھر سمیت سندھ کے تمام شہروں کو دبئی، سنگاپور اور جاپان کے شہروں کے ہم پلہ بنانے کا عہد کرتی ہے۔ ہم سندھ سمیت پاکستان کو کرپشن کے ناخداو?ں اور ان کے معاونین سے پاک کرنے کے لئے عاشقان کراچی اور پاکستان میں انصاف و قانوں کی حاکمیت اور حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والے پاکستانیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ تحریک عوام پاکستان کا ساتھ دیں۔

ہماری جماعت لسانیت، علاقائیت،خاندانی بادشاہتوں کے خلاف میدان میں اتری ہے جس کی باگ دوڑ عام پاکستانی شہریوں کے ہاتھوں میں ہے۔ چیئرمین تحریک عوام پاکستان محمد زاہد اعوان نے پاکستان کے متوسط شہریوں سے اپیل کہ کے اپنے بچوں کو چند خاندانوں کی غلامی سے نکالنے کے لئے ہمارا ساتھ دیں ہماری تحریک کا حصہ بنیں اور وطن عزیز کے وسائل، حکمرانی اور قومی فیصلوں میں شرکت دار بن کر پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانے کے لئے میدان عمل میں نکلیں۔