پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ،پولیس کا طلبہ پر تشدد قابل مذمت، طلبہ کے مسائل حل اور گرفتار طلبہ کو رہا کیا جائے ‘ جاوید قصوری

جمعرات 18 ستمبر 2025 13:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اسلامی جمعیت طلبہ کا پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کے جائز مطالبات کو اجاگر کرنے کے لئے پر امن احتجاج پر یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور بے گناہ طلبہ کو گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے جائز مطالبات کے لئے طلبہ کا احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے جس روکنا غیر شرعی ، غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے ۔

یونی ورسٹی انتظامیہ کا ایسا رویہ نا قابل فہم ہے ۔طلبہ کے مسائل حل کرنے کی بجائے یونی ورسٹی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے پر تشدد کارروائیاں کرنا درحقیقت یونی ورسٹی کے حالات کا خراب کرنے کی کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب یونی ورسٹی کی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے ،طلبہ کو درپیش مسائل فوری حل کئے جائیںاور گرفتار طلبہ کو رہا کیا جائے۔

طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کو درپیش مسائل کو حل کئے بغیر اپنے مستقبل کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا ۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے کچھ افراد کی یہ خواہش ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو پنجاب یونی ورسٹی میں طاقت کے ذریعے سے دبا یا جائے ۔اسلامی جمعیت طلبہ جس کردار اور تاریخ کا نام ہے اس کی ایک جھلک ڈھاکہ یونی ورسٹی میں دیکھ چکے ہیں۔

اسلامی جمعیت طلبہ کو دبایا جا سکتاہے اور نہ ہی طاقت کے نتیجے میں کچلا جا سکتا ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ ایک ایسی طلبہ تنظیم ہے جو اسلامی نظریاتی احساس کے ساتھ پاکستان کے ساتھ ولہانہ محب رکھتی ہے ۔دریں اثنا ء امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے امت کے اتحاد میں پیش مثبت رفت ہو گی۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک آگے بڑھیں اور اس معاہدے میں ترکی،ایران ، ملائشیا، فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک کو بھی شامل کیا جائے۔فلسطین ، غزہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اس سے اچھا وقت کوئی اور نہیں اس لئے نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے دفاع کے لئے فوری اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اس وقت کفار کے مقابلے میں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ کفار چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں، ان کی سازشوں کا مقصد صرف اور صرف مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو کمزور کرنا ہے۔