پیپلزپارٹی رہنماؤں کا سیاسی انتقامی کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:44

مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی مری کی جانب سے اپنے کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے کے خلاف ایک ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام کارکنان کو دبانے اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کا حصہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضیٰ ستی، صدر پیپلز پارٹی مری نذیر عباسی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری سردار رجب خان، سجاد حنیف عباسی، عاشق جہانگیر عباسی، ثاقب عباسی، جبار ستی، اسد ستی صدر پیپلز پارٹی کوٹلی ستیاں، عابد سرور اور پروفیسر اشفاق کلیم عباسی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

ان کے ہمراہ ایکشن کمیٹی کے رہنما خاور اخلاص ستی اور سجاد الحسن عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ کامران عباسی اور طفیل اخلاق پیپلز پارٹی کے سرگرم کارکن ہیں، جبکہ عبدالحمید کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ ان ناموں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنا دراصل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو دہشت گرد جماعتوں کے طور پر پیش کرنے کی کوشش ہے۔رہنماؤں نے مؤقف اپنایا کہ "فورتھ شیڈول میں نام ڈالنے کا فیصلہ عوامی نمائندوں اور کارکنان کی عزت نفس پر حملہ ہے۔

مری میں لوگوں کو دبانے کے لیے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ "پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام اور اپنے کارکنان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ چاہے ووٹ ملیں یا نہ ملیں، ہم اپنی روایتوں اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔پریس کانفرنس میں پاک فوج کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ پاکستان کا مان ہے اور عوام اس پر فخر کرتے ہیں۔ تاہم، انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ مقامی سطح پر سیاسی کارکنوں کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہ کروائی جائے۔اس سے قبل غلام مرتضیٰ ستی، جبار ستی اور اسد ستی نے ڈپٹی کمشنر مری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری سے ملاقات کرکے بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔