یہ دفاعی معاہدہ تمام مسلم ممالک کے باہمی اتحاد واتفاق کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، مولانا حافظ فضل الرحیم

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم،نائب مہتمم اور ناظم اعلی مولانا قاری ارشد عبید،پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا زبیر حسن اور مولانا مجیب الرحمن نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیا ن تاریخی باہمی دفاعی معاہدے کا زبردست خیر مقدم اورخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستان کی عوام میں باالخصوص اور امت مسلمہ باالعموم خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے اور اس سے غزہ،کشمیر،برما اوردیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ اور ان کی آزادی میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے لیئے سعادت اور ایمان کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ اس کامیاب تاریخی دفاعی معاہدے پر ہم وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ تمام مسلم ممالک کے باہمی اتحاد واتفاق کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔