پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا تاریخی معاہدہ گیم چینجر ہے : وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا تاریخی معاہدہ ایک گیم چینجر معاہدہ ہے ۔اس تاریخی معاہد ہ پر اظہار تشکر کے دن پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ محض دو ملکوں کی سفارتی تاریخ نہیں یہ دو دلوں کی دھڑکن ہے یہ ایک ایسی صدا ہے جو حرم کے میناروں سے بلند ہوتی ہے اور مینار پاکستان کی فضاؤں میں گونجتی ہے ،یہ خطے میں ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت کی دور اندیشی کا ثبوت ہے جس نے بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ پر کاری ضرب لگائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت مسلح افواج پاکستان کو عطا کی ہے کہ پاک فوج حرمین شریفین کی حفاظت کی قومی اور دینی ذمہ داری کے فرائض انجام دے گی ،انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی جس میں پاکستان کی بری ،بحری اور فضائی فوج نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے یہی وجہ ہے کہ دنیا پاک فوج کی پروفیشنل صلاحیتوں کو تسلیم کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکری محاذ کے ساتھ ساتھ سفارتی میدان میں بھی کامیابیوں حاصل کیں اور یہ تاریخی معاہدہ ام الفتح ہے جس سے خطہ امن و سلامتی کا مرکز بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدہ کی خوشی میں آج پورے آزادکشمیر میں یوم تشکر منایا گیا اور دونوں برادر ملکوں کی ترقی اور سلامتی کیلیے دعائیں کی گئیں ۔یاد رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے پاک سعودی عرب تاریخی معاہد ہ کی خوشی میں جمعتہ المبارک کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا تھا جسکا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔