Live Updates

پیپلزپارٹی کا بلاول بھٹو کی سالگرہ پر تقریبات نہ کرنے کا اعلان

ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 37ویں سالگرہ (21 ستمبر) کے موقع پر کسی قسم کی تقریب، جشن یا کیک کاٹنے کی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین، اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور سیکرٹری جنرل راجہ فیصل راٹھور نے پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ پارٹی پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، ٹکٹ ہولڈر حلقہ 7 لیپہ ویلی شوکت جاوید میر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ملک اس وقت شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، عوام مشکلات اور مصائب میں گھِرے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں خوشیاں منانے کے بجائے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہی سب سے بڑی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے دن خدمتِ خلق کو ترجیح دیں گے اور عطیات جمع کر کے براہِ راست متاثرین تک پہنچائیں گے۔

پارٹی قیادت نے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اجتماعی و انفرادی حیثیت میں سیلاب زدگان کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسلامی و انسانی جذبوں کو فروغ دیں۔اس موقع پر پارٹی قیادت نے 2005 کے قیامت خیز زلزلے کے موقع پر پاکستانی عوام کی ایثار و قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے کے تحت آزاد کشمیر اور بیرونِ ملک بسنے والے کشمیری بھی سیلاب متاثرین کی مدد میں کردار ادا کریں۔

علاوہ ازیں، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی میزبانی میں *صابر شہید اسٹیڈیم* میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں ’’معرکہ حق بنیان مرصوص‘‘ کی خوشی میں شرکت کے ساتھ ساتھ افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کی جانب سے جارحانہ دھمکیوں کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ جلسے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر اظہارِ تشکر بھی کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات