سانگلہ ہل ،دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہو گی،ڈپٹی کمشنر

منگل 23 ستمبر 2025 17:30

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد کی زیرصدارت بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں بارے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، ہیلتھ، ایجوکیشن، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس، سکھ کمیونٹی سے سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت دیگر ضلعی افسران بھی شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے دوران تمام ڈیپارٹمنٹ مل کر کام کرینگے۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گوردوارہ جنم استھان میں 15 بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کیا جائے، عارضی ہسپتال میں ہارٹ سپیشلسٹ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، تمام گوردوارہ جات میں مچھر و دیگر بیماریوں سے بچاو کے لیے سپرے کروایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فوڈ اتھارٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی گوردوارہ جات میں اپنی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائے اور چینگ کے بعد کھانے کی ترسیل کو اپنی نگرانی میں یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ لنگر تقسیم کرنے والے افراد کا ڈیٹا یقینی بنایا جائے۔تقریبات کے دوران صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات ہونے چاہیں، کوڑا دان بڑھائیں گوردوارہ کے اندر تمام سٹاف وردی میں ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلابی علاقوں کو 10 دن میں صاف کیا جائے کسی جگہ گندگی یا کوڑے کے ڈھیر نظر نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ ختم کی جائے اور کھلا مین ہول کسی جگہ نظر نہ آئے۔بینرز اور پینا فلیکسز گور مکھی، انگلش اور اوردو زبان میں پرنٹ کروائیں۔گوردوارہ جنم استھان کے داخلی راستے کو بھی بڑا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سٹالوں پر آٹا چاول و دیگر اشیاء کے ریٹس اور کوالٹی ٹھیک ہونی چاہئے، ٹریفک پلان تشکیل دیں اور پارکنگ کا وسیع انتظامات کیا جائے۔

ہمیں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کرنی ہے، اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا ہے، ہر کسی کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا ہے۔سیکرٹری آر ٹی اے کرایہ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور بس اڈوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی ایکسٹرا تنصیب یقینی بنوائیں۔محکمہ اوقاف کرنسی ایکسچینج کے لیے نیشنل بنک والوں کے لیے ایک کمرہ ضرور مختص کریں اور وہاں سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا ریلوے اسٹیشن کی بلڈنگ اور واش رومز کو صاف کروائیں۔تقریبات کے دوران بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ہرگز نہ کی جائے۔تمام اداروں کے افسران و اہلکاران آنے والے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کریں تاکہ دنیا میں پاکستان کا مورال بلند ہو۔انہوں نے کہا کہ جلوس روٹس، بس اسٹینڈز ریلوے اسٹیشن اور گوردواہ جات کی حدود میں لٹکتی تاریں نظر نہ آئیں ان کو فی الفور ہٹایا جائے۔

سکیورٹی پاسز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور سپشل برانچ جاری کریں گے۔تمام ایمرجنسی نمبرز گوردوارہ جات کے اندر آویزاں کروائیں، تمام ڈیپارٹمنٹ اپنے اپنے پلان 7 اکتوبر تک پلان جمع کروائیں۔گوردوارہ جات کے اندر پان، سیگریٹ کا استعمال ممنوع ہے کوئی افسر یا اہلکار پان یا سگریٹ نوشی کا استعمال ہرگز نہ کرے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتطامات کیے جائیں، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہو گی۔\378