Live Updates

فلسطین میں پائیدار امن کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ، غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے فوری جنگ بندی ہونی چاہیے،امریکی صدرڈونلڈٹرمپ

منگل 23 ستمبر 2025 21:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کو مل کر دہشتگردی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنا ہو گا، فلسطین میں پائیدار امن کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ منگل کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اس وقت دنیا کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں کوئی بھی ملک جنگوں اور تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتا، جنگوں اور تنازعات کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا چاہیے، امریکہ بھی دنیا میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان بھارت سمیت سات جنگیں رکوائیں جس سے لاکھوں زندگیاں محفوظ ہوئیں جس پر مجھے فخر ہے، جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں، تنازعات کا حل امن معاہدوں اور سفارتی طریقوں سے ہی ممکن ہے،مسئلہ کشمیر اور دیگر تنازعات پر بات چیت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے بغیر عالمی امن ناممکن ہے، مشرق وسطی میں قیام امن امریکہ کی ترجیح ہے اورامریکہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرے گا، بھارت کو بھی چاہیے کہ خطے میں امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں پائیدار امن کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ اقتدار میں آ کر مہنگائی کو شکست دے کر عوام کو فائدہ پہنچایا، امریکہ اب کسی کی جنگ نہیں لڑے گا اور دنیا میں قیام امن کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات