Live Updates

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کی نگراں ناظمہ الامور نیتالی ایشٹن بیکر کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کی نگراں ناظمہ الامور نیتالی ایشٹن بیکر نے ملاقات کی جس میں سیلابی صورتحال، غذائی تحفظ، توانائی و سلامتی کے تعائون، کیٹی بندر پورٹ منصوبہ اور سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ملاقات وزیراعلی ہائوس میں ہوئی جس میں امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین، پولیٹیکل آفیسر جیرڈ ہینسن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعلی نے کیٹی بندر منصوبے کے آغاز کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے تاریخ کا پہلا قدرتی پورٹ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ شدید دبائو میں ہے اور ایک نئے بندرگاہ کی فوری ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شارع بھٹو کو براہِ راست کراچی پورٹ سے منسلک کرنے کی تجویز پر بھی بات ہوئی تاکہ شہر کے اندر سے بھاری ٹریفک کو ہٹایا جا سکے۔

نیتالی بیکر نے اعلان کیا کہ امریکہ کی نمایاں کمپنیوں کے اعلی عہدیدار جلد کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جا سکے،اس پروزیراعلی سندھ نے مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر توانائی اور صنعتی تعاون کے حوالے سے تھر میں کوئلے پر مبنی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جن میں کوئلہ سے گیس، کھاد اور ڈیزل کی تیاری شامل ہے۔

وزیراعلی سندھ نے مقامی وسائل کے موثر استعمال پر زور دیا۔سیلابی انتظامات کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے سپر فلڈ کے لیے وسیع تیاریاں کر رکھی تھیں تاہم اس سال صورتحال کم سنگین رہی۔ انہوں نے سندھ کے کچے کے علاقوں میں دھان کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقوں نے ابتدائی انتباہی نظام، شہری نکاسی آب اور ہنگامی تیاریوں کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں خوراک، پانی اور صفائی کے لیے اقوامِ متحدہ اور غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے 22 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی امداد اور امریکی فوج کی طرف سے کشتیاں، خیمے، چارپائیاں اور پانی کے پمپ فراہم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات