دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ فلسطین اور غزہ، امریکا جرم میں شریک ہے،حافظ نعیم الرحمان

گلوبل فلوٹیلا غزہ کی جانب گامزن ہے، اسرائیل غزہ میں نسل کشی کررہا ہے،امیرجماعت اسلامی

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ فلسطین اور غزہ ہے اور امریکا اس جرم میں شریک ہے۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ روزبھی اسرائیل نے 83سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، غزہ میں اس وقت بھی ہزاروں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، امریکا پوری طرح اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ حماس کے ساتھ مذاکرات پر اتفاق ہوجاتا ہے پھر دھوکا دیا جاتا ہے، قطر پرحملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری سے ہوا، اسرائیل نے قطر میں مذاکراتی ٹیم پر حملہ کیا، اسرائیل نے امریکا کی ایما پر قطر پر حملہ کیا۔امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ وزیراعظم اورڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی کا ذکر ہوا، نسل کشی کا لفظ بھی شامل کرنا چاہئے تھا، پوری دنیا میں بیداری کی لہر کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گلوبل فلوٹیلا غزہ کی جانب گامزن ہے، اسرائیل غزہ میں نسل کشی کررہا ہے، 2سال میں اسرائیل نے ساری حدوں کو پار کردیا ہے، یہ نظام انسانیت کو عدل فراہم نہیں کررہا، دنیا میں اس وقت طاقتوروں کا نظام چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا نظام چل رہا ہے جو انسانیت کے خلاف اسلحہ فروخت کرتے ہیں، امریکی ریاست جمہوریت کی چیمپئن بنتی ہے، امریکی یونیورسٹیوں میں اسرائیل کے خلاف اورغزہ کی حمایت میں احتجاج کرنے والوں کو نکال دیا جاتا ہے۔امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ 76فیصد امریکی ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دینے کے خلاف ہیں۔