جنوبی ایشیا کو ’اشتعال انگیز‘ نہیں ’’فعال‘‘ قیادت کی ضرورت ہے، شہباز شریف

سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اعلان جنگ کے مترادف ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا ظلم و جبر جلد ختم ہو جائیگا، وزیراعظم کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:15

ْ نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کو ’’اشتعال انگیز‘‘ نہیں ’’فعال‘‘ قیادت کی ضرورت ہے، سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اعلان جنگ کے مترادف ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا ظلم و جبر جلد ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام نہ صرف اس معاہدے کی شقوں بلکہ بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے یہ بات پوری طرح واضح کر دی ہے اور کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ ہم پانیوں پر اپنی 24 کروڑ آبادی کے ناقابل تنسیخ حق کا بھرپور دفاع کریں گے، اس معاہدے کی خلاف ورزی ہمارے لیے اعلان جنگ کے مترادف ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس ایوان کے ذریعے کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان شاء اللہ جلد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا ظلم و جبر ختم ہو جائے گا، کشمیری عوام ایک غیرجانبدارانہ ریفرنڈم کے ذریعے اقوام متحدہ کی نگرانی میں اپنا حق خودارادیت حاصل کریں گے۔