کے ڈی اے ریفرنڈم کی جیت اہلِ کراچی کی نظریاتی فتح ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کراچی پر قبضہ کرانے میں شریک رہی، اصل چہرہ آج بے نقاب ہوگیا،ایم کیو ایم نے 75 لاکھ لاپتہ شہریوں کو مردم شماری میں شامل کروا کر ثابت کیا کہ کراچی کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا،چیئرمین ایم کیوایم پاکستان لیبر یونین کے انتخابات میں ایم کیو ایم کی فتوحات مزدوروں کے اعتماد کی واضح دلیل ہے، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان لیبر ڈویژن کی حمایت یافتہ کے ڈی اے ایمپلائز یونین کی کراچی ادارہ ترقیات(کے ڈی ای)میں ہونے والے ریفرنڈم میں شاندار فتح حاصل کرنے پر کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے سرپرست اعلی عمران حسین جعفری، صدر قمر و دیگر کی ملازمین کے ہمراہ مرکز بہادرآباد آمد چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و دیگر رہنماں سے ملاقات کرتے ہوئے مٹھائی پیش کی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نو منتخب یونین کو مبارکباد دی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی جیت صرف ایک انتخابی کامیابی نہیں بلکہ شہر کے وارثوں کی نظریاتی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن شہر کے اصل وارثوں اور سیاسی قابضین کے درمیان تھا جس میں اہلِ کراچی نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے قابض قوتوں کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ چکا ہے یہ وہی جماعت ہے جو پیپلز پارٹی کے میئر کو کراچی پر مسلط کرنے میں برابر کی شریک رہی، چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم کو سازش کے تحت ہرایا گیا اس کے باوجود ہم نے صرف سات نشستوں کی بنیاد پر کراچی کے 75 لاکھ لاپتہ شہریوں کو مردم شماری میں شامل کروایا اور وفاق کو یہ باور کرایا کہ کراچی کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب شہر کے اصل وارثوں کا وقت شروع ہو چکا ہے، اور لوٹ مار کا نظام اگر قانون سے نہ رکا تو وارث خود روکیں گے پاکستان کو وہی لوگ چلا سکتے ہیں جنہوں نے اسے بنایا تھا۔ اس موقع پر لیبر ڈویژن کے انچارج ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی حالیہ کامیابی کے ڈی اے تک محدود نہیں، بلکہ اس سے قبل پاکستان سوزوکی اور لطیف ٹان حیدرآباد میں بھی شاندار فتوحات حاصل کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ سچے اور شفاف انتخابات میں ایم کیو ایم کو ہمیشہ کامیابی ملتی ہے، جبکہ دیگر جماعتیں فارم 47 اور اتحاد کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوتی رہی ہیں، ایم کیو ایم کی مسلسل کامیابی مزدوروں کے واضح اعتماد کی دلیل ہے۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما امین الحق سمیت مرکزی رہنماں، اراکینِ مرکزی لیبر ڈویژن، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔