Live Updates

عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ اس ملک کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے، بیرسٹر سیف

کارکن مخالفین کی باتوں پر کان نہ دھریں، ان کا کام ہی تنقید کرنا ہے، مخالفین نے بغضِ عمران خان کی عینک لگا رکھی ہے؛ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 ستمبر 2025 16:30

عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ اس ملک کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے، بیرسٹر سیف
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2025ء ) صوبہ خیبر پختونخواہ کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ اس ملک کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے، حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی ہی تمام کارکنوں اور قیادت کا حتمی مقصد ہے۔ پی ٹی آئی کے پشاور جلسہ عام سے متعلق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ایک منظم اور کامیاب جلسہ منعقد ہوا، تمام کارکنوں کو تاریخی جلسے کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، جلسے میں عوام کی غیر معمولی تعداد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور پوری قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ جلسے میں عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ اس ملک کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے، کارکن مخالفین کی باتوں پر کان نہ دھریں کیوں کہ ان کا تو کام ہی تنقید کرنا ہے، مخالفین نے بغضِ عمران خان کی عینک لگا رکھی ہے، مینڈیٹ چور حکومت سن لے کہ عمران خان کی رہائی تک عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے، حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی ہی تمام کارکنوں اور قیادت کا حتمی مقصد ہے، جعلی حکومت سے نجات ہی ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پشاور میں پاور شو کیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، پشاور کے رنگ روڈ پر منعقدہ جلسے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں نے شرکاء سے خطاب کیا، اس کے علاوہ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی جلسے میں شریک ہوئیں، جلسے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات