ٰبلوچستان، ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام، تمام دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ، طلال چوہدری

5 حملہ آور بھارتی پراکسیز سے منسلک، ایف سی نے بہادری سے روک دیا،ایف سی اہلکاروں سمیت کئی افراد شہید، ایوان کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی، وزیر مملکت داخلہ لاپتہ افراد دو ہزار سے کم ہیں، اکثریت خودساختہ طور پر لاپتہ ہیں ،پوری قوم کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے،سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال

منگل 30 ستمبر 2025 20:20

ً اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کرنے والے بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دینا چاہیے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر پہلے ایک خودکش دھماکہ ہوا اور بعد ازاں دہشت گردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ ان کے مطابق دھماکے میں ایف سی اہلکاروں سمیت دیگر افراد بھی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ تمام حملے بھارتی پراکسیز سے منسلک ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات ایوان کو فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی نے جس بہادری سے دہشت گردوں کو روکا، وہ لائق تحسین ہے اور پوری قوم کو سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔لاپتہ افراد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت دو ہزار سے کم افراد لاپتہ ہیں، جن میں اکثریت اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر لاپتہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوری حکومت کی موجودگی میں کسی کو لاپتہ کرنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے اس پر غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔